لوک جن شکتی پارٹی اتر پردیش کی تمام 403 اسمبلی نشستوں اور پنجاب میں بھی انتخابات لڑے گی: چراغ پاسوان
محمد آصف عطا
حاجی پور
مرکزی وزیر اور لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے قومی صدر جناب چراغ پاسوان نے اعلان کیا ہے کہ ان کی پارٹی اتر پردیش کی تمام 403 اسمبلی نشستوں پر انتخابات لڑے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارٹی پنجاب میں بھی انتخابی میدان میں اترے گی اور وہاں انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز سری دربار صاحب (گولڈن ٹیمپل) میں حاضری دے کر کیا جائے گا۔ چراغ پاسوان یہ بات حاجی پور کے بہار انسٹی ٹیوٹ آف کریکشنل ایڈمنسٹریشن میں فلپ کارٹ کے "سمرتھ" پروگرام کے تحت منعقدہ اورینٹیشن اور تربیتی پروگرام میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گزرے دن کہی۔ اس موقع پر انہوں نے اتر پردیش کے مولانا جرجیس کے بیان پر بھی سخت ردِعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو دوسروں کے مذہبی جذبات اور عقائد کا احترام کرنا چاہیے، اور کسی بھی صورت میں ایسی زبان استعمال نہیں کرنی چاہیے جس سے کسی کے مذہبی احساسات مجروح ہوں۔ جناب پاسوان نے کہا کہ چونکہ انتخابات قریب ہیں، اس لیے سماج کو تقسیم کرنے والے مختلف قسم کے بیانات سامنے آئیں گے، لیکن ایسے بیانات پر توجہ دینے کے بجائے ملک کو 2047 تک ایک ترقی یافتہ بھارت بنانے کے عزم پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقصد اسی وقت حاصل ہوگا جب بہار، اتر پردیش، پنجاب سمیت ملک کا ہر گاؤں اور ہر ضلع ترقی کرے گا۔
اتر پردیش میں انتخابات لڑنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پارٹی تمام 403 اسمبلی حلقوں میں پوری طاقت کے ساتھ تیاری کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ "پنڈت سے لے کر پاسوان تک" کی بات کرتے ہیں تو اس میں تمام ذاتوں، مذاہب اور برادریوں کے لوگ شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پارٹی کا دائرہ بہار سے آگے بڑھ کر جھارکھنڈ، ناگالینڈ (جہاں پارٹی کے ارکانِ اسمبلی موجود ہیں)، اتراکھنڈ، اتر پردیش اور پنجاب تک پھیل رہا ہے۔ مرکزی وزیر نے یہ بھی اطلاع دی کہ وزیر اعظم نریندر مودی جلد ہی بہار کے دورے پر آئیں گے۔ اس دوران وہ ویشالی میں قائم ہونے والے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ ٹیکنالوجی، انٹرپرینیورشپ اینڈ مینجمنٹ کے نئے ادارے کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔
ساتھ میں تصویر ۔
Comments
Post a Comment