قاری قربان علی کو سینکڑوں فرزندانِ توحید نے نم آنکھوں کے ساتھ کیا سپردخاک
حاجی پور/ پاتے پور
استاد العلماء مبلغ اسلام کثیر المدارس و مساجد کے بانی اور مدرسہ عالیہ اسلامیہ فیض الرسول سید پور ڈمرا کے سربراہ اعلی حضرت علامہ قاری قربان علی قادری تیغی یوسفی کا انتقال ہو گیا۔ ان کے نماز جنازہ میں کثیر تعداد میں فرزندانِ توحید نے شرکت کی اور دعائے مغفرت کی۔ان کا نماز جنازہ انکے شاگرد مشہور و معروف پیر طریقت حضرت مولانا قسیم الحق صاحب چاند پور فتح نے پڑھایا۔ قاری قربان علی علی نگر لیوڑھن واقع خانقاہ عالیہ قادریہ تیغیہ یوسفیہ قربانیہ کے احاطے میں مدفون ہوئے۔ یہ مولانا قسیم الحق صاحب کے دادا حضور عارف باللہ جلالتہ المشائخ حضرت الحاج الشاہ محمد یوسف تیغی علیہ الرضوان چاند پور فتح کے خلیفہ تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی دین اسلام کی تبلیغ، علم دین کی ترویج و اشاعت، شریعت کی پاسداری،ملت اسلامیہ کی اصلاح کے لئے وقف کر رکھی تھی۔ اپنی زندگی میں کئی مدارس، مساجد کی بنیاد ڈالی اور اسے بنوانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ انکے جانے سے ملت اسلامیہ ایک بڑے عالم دین سے محروم ہو گیا۔ انکے پسماندگان میں تین بیٹا، تین بیٹی اور اہلیہ ہیں۔ قاری قربان علی وِیشالی ضلع کے علاوہ سمستی پور، مظفر پور سمیت دیگر اضلاع میں بھی اچھے مقرر کے طور پر جانے جاتے تھے۔ انکے انتقال کی خبر سے ہر مکتبہ فکر کے لوگوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے اور دعا مغفرت کی ہے۔
Comments
Post a Comment