نیپال میں بین الاقوامی مادری زبان صحافت کانفرنس میں بہار کے سینئر صحافی ڈاکٹر ششی بھوشن کمار کو اعزاز

محمد آصف عطا
حاجی پور 
نیپال کے دارالحکومت کاٹھمنڈو میں منعقدہ تیسرے بین الاقوامی مادری زبان صحافت کانفرنس-2026 میں ویشالی ضلع کے رہنے والے بہار کے سینئر صحافی اور بججیکا زبان کے مضبوط حامی ڈاکٹر ششی بھوشن کمار کو اعزاز سے نوازا گیا۔ انہیں جمہوریت کی اولین سرزمین ویشالی کی مادری زبان بججیکا کے تحفظ، فروغ اور بین الاقوامی سطح پر تشہیر و ترویج کے لیے کیے گئے نمایاں کاموں کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا گیا۔ کانفرنس کا افتتاح نیپال کے وزیر قانون نے کیا۔ اس موقع پر نیپال کے ارکانِ پارلیمنٹ، میئرز، صحافیوں، ماہرینِ لسانیات اور سماجی شعبے سے وابستہ نمائندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں نیپال، ہندوستان، بنگلہ دیش، بھوٹان اور سعودی عرب سمیت مختلف ممالک سے صحافی اور نمائندگان شریک ہوئے۔ اعزاز حاصل کرنے کے بعد ڈاکٹر ششی بھوشن کمار نے کہا کہ بججیکا صرف ایک زبان نہیں بلکہ ویشالی کی تاریخی، ثقافتی اور جمہوری وراثت کی شناخت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویشالی کو جمہوریت کی قدیم سرزمین قرار دیتے ہوئے بججیکا زبان کو بین الاقوامی پلیٹ فارم تک پہنچانا ان کا مسلسل مشن ہے۔انہوں نے کہا کہ مادری زبان کے ذریعے کسی بھی ملک کی ثقافت، تہذیب اور سماجی وراثت کو پوری دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکتا ہے۔ ان کا مقصد ہے کہ جمہوریت کی سرزمین ویشالی سے وابستہ بججیکا کی آواز دنیا کے جمہوری ممالک تک پہنچے اور لسانی و ثقافتی مکالمے کے ذریعے باہمی بھائی چارے، ہم آہنگی اور عالمی امن کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔ ڈاکٹر کمار نے ویشالی کی تاریخی اور روحانی وراثت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سرزمین بھگوان مہاویر کی جائے پیدائش اور بھگوان بدھ کی کرم بھومی رہی ہے۔ اہنسا، امن اور انسانیت کے ان عظیم پیغامات کو مادری زبانوں اور ثقافتی مکالمے کے ذریعے عالمی برادری تک پہنچانا موجودہ دور کی اہم ضرورت ہے۔
کانفرنس میں ہندوستان سے پہنچنے والے وفد میں اجیت کمار، کرشن موہن کمار سمیت دیگر نمائندگان شامل رہے۔ وہیں بیرگنج سے صحافی شیلیش کمار نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔ تمام نمائندگان کو منتظمین کی جانب سے ’لو ٹوکن‘ (Love Token) کے طور پر اعزازی یادگاری نشان پیش کیا گیا۔ نیپال کے دارالحکومت کاٹھمنڈو میں منعقدہ اس بین الاقوامی مادری زبان صحافت کانفرنس میں بہار کی بججیکا زبان کی آواز بین الاقوامی پلیٹ فارم پر گونجی۔ سینئر صحافی ڈاکٹر ششی بھوشن کمار کو بججیکا زبان اور اس کی ثقافتی وراثت کے تحفظ و فروغ کے لیے کیے گئے کاموں کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا گیا۔ڈاکٹر ششی بھوشن کمار نے واضح کیا کہ بججیکا کو دنیا کے جمہوری ممالک تک پہنچانا اور مادری زبان کے ذریعے بھائی چارے، امن اور انسانیت کا پیغام عام کرنا ان کا مشن ہے۔

Comments

Popular posts from this blog

The Robotics and AI Innovation Lab was inaugurated at Carmel Girls' Inter College.

नशा मुक्त भारत अभियान के तहत एक परिचर्चा का आयोजन किया गया।

जो सिफत बाप में होती है कमोबेश वही सिफत औलाद में पाई जाती है - मुफ्ती अकरम